ایشیا کپ سپر فور میں سری لنکا کی مسلسل دوسری فتح کے بعد بھی وہ فائنل میں کنفرم نہیں، انڈیا دو میچ ہار کر بھی ٹورنامنٹ سے اب تک باہر نہیں ہوا لیکن ایک بات اب طے ہوگئی کہ ٹورنامنٹ میں فینز اب پاکستان اور بھارت کا فائنل نہیں دیکھیں گے۔
ایشیا کپ سپر فور کے میچ میں بھارت کو سری لنکا نے 6 وکٹوں سے شکست دی جس کے بعد سپر فور میں سری لنکا دو میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، پاکستان ایک میچ میں 2 پوائنٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔
بھارت دو میچز میں ایک بھی پوائنٹ نہ لے سکا جبکہ افغانستان ایک میچ کھیلا اور اس میں ناکام ہوا۔
موجودہ صورتحال میں کوئی ٹیم فائنل میں کنفرم نہیں، کسی ٹیم کی ٹورنامنٹ سے بےدخلی طے نہیں اور اب ہے ٹورنامنٹ میں اگر مگر کا کردار۔
بھارت اب چاہے گا کہ افغانستان اور سری لنکا پاکستان سے اپنے میچز جیتیں جبکہ وہ افغانستان کے خلاف اپنا میچ بڑے مارجن سے جیت جائے۔
ایسے میں تین ٹیمیں 2، 2 پوائنٹس پر برابر ہوں گی اور نیٹ رن ریٹ پر فیصلہ ہوگا کہ سری لنکا سے فائنل میں پاکستان کھیلے گا، بھارت کھیلے گا یا افغانستان۔
دوسری جانب اگر افغانستان نے پاکستان اور بھارت دونوں کو ہرادیا اور پھر پاکستان نے سری لنکا کو بھی ہرادیا تو پھر پاکستان سری لنکا اور افغانستان 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبلز پر ہوں گے اور دو بہترین رن ریٹ کی ٹیمیں فائنل کھیلیں گی جبکہ اس صورت میں بھارت کا گھر جانا پکا ہوگا۔
تاہم اگر بدھ کو شارجہ میں پاکستان نے افغانستان کو ہرادیا تو پھر سارے اگر، مگر دم توڑ دیں گے اور پاکستان اور سری لنکا کا فائنل پکا ہوجائے گا۔
Comments are closed.