بدھ 9 ذوالحجہ 1444ھ28؍جون 2023ء

ابھی بھی کچھ وقت ہے، عید سے قبل فریج کی چھٹ پٹ صفائی کر لیں

عیدالاضحیٰ کی آمد آمد ہے، مرد ہوں یا خواتین یہ عید دونوں کے لیے ہی تھکن کا باعث بنتی ہے۔

جہاں مرد حضرات قربانی کے جانور کا خیال رکھتے اور بعد از قربانی گوشت کی کٹائی اور تقسیم کو بخوبی انجام دیتے ہیں وہیں گھر کی خواتین کا بھی سارا دن کچن میں، دعوتوں کے اہتمام میں مصروف گزرتا ہے۔

دوسری جانب اُن کے لیے یہ خیال ہی باعثِ طمانیت ہوتا ہے کہ گوشت مہنگا ہونے کے سبب وہ عام دِنوں میں جو پکوان نہیں بنا پاتیں، بقر عید کے دِنوں میں باآسانی پکا لیتی ہیں۔

شاید یہی وجہ ہے کہ عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل ہی کچن کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، فریج، ڈیپ فریزر صاف کیا جاتا ہے، تاکہ وقت کی بچت اور کام کا بوجھ کم ہو سکے۔

اگر آپ نے ابھی تک فریج، ڈیپ فریزر صاف نہیں کیا ہے تو ابھی بھی کچھ وقت باقی ہے، درج ذیل تدابیر اختیار کر کے آپ جھٹ پٹ فریج اور ڈیپ فریزر کی صفائی باآسانی کر سکتی ہیں۔

اگر فریج کی جمی ہوئی برف اور اس میں سے آنے والی بو سے پریشان ہیں تو بس یہ کرنا ہے کہ فریج میں جہاں جہاں آپ کو نشانات نظر آ رہے ہیں، بدبو آ رہی ہے یا پھر برف کی موٹی موٹی تہیں جمی ہوئی ہیں، ان جگہوں پر 2 سے 3 چمچ نمک ڈال کر فریزر کو 10 سے 15 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

نمک میں چونکہ الکلائنی خصوصیات اور ایل ڈی مرکبات پائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے نمکیات میں تیزی ہوتی ہے جو ہر سخت سے سخت جمی ہوئی چیزوں کو صاف کرنے میں مدد دیتی ہے۔

یوں سالوں سے جمی ہوئی برف بھی آسانی سے نکل جائے گی اور فریزر میں سے بدبو بھی نہیں آئے گی۔

فریج کی صفائی کے بعد جب آپ اپنے گوشت کو محفوظ کریں تو فریزر میں ایک پیالے میں نمک اور بیکنگ سوڈا ڈال کر چھوڑ دیں، اس طرح گوشت بھی تازہ رہے گا اور بدبو بھی نہیں آئے گی۔

اس کے علاوہ جب آپ فریج یا ڈیپ فریزر کی صفائی کر لیں تو اس میں المونیم یا باریک پلاسٹک بچھا دیں تا کہ گوشت کے پیکٹس فریزر کی سطح پر نہ چپک سکیں اور فریزر کی دیواروں پر گلیسرین لگادیں اس سے جمی برف نکالنے میں آسانی ہو گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.