متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ابوظہبی کے مال میں گھومتے اور عوام کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سخت حفاظتی انتظامات کے بغیر شیخ محمد بن زاید النہیان کی اپنے ایک مختصر وفد کے ساتھ نجی مال میں گھومتے اور سیلفی بناتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بن گئی۔
مذکورہ ویڈیو کلپ میں انہیں کیفے اور دکانوں میں کسی خوف اور خطرے کے بغیر مال میں گھومتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، سوشل میڈیا صارفین ان کی عاجزی اور قابل رسائی ہونے کے باعث ان کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مال میں موجود لوگ ابتداً شیخ محمد بن زاید النہیان کو پہچاننے سے قاصر رہے تاہم جیسے ہی انہیں ان کی موجودگی کا یقین ہوا تو ایک شخص نے ان سے سیلفی کی درخواست کی جسے اماراتی صدر نے فوراً پورا کردیا۔ سیلفی کے دوران دونوں نے دوستانہ انداز میں ایک دوسرے کے کندھوں پر ہاتھ بھی رکھا۔
سوشل میڈیا صارفین انہیں عوامی لیڈر قرار دے رہے ہیں اور ان کی اور انتظامیہ کی تعریفیں کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ متحدہ عرب امارات میں ہر جگہ حفاظت کا اتنا بہترین انتظام ہے کہ ملک کا صدر کسی حفاظتی انتظام کے بغیر گھوم سکتا ہے۔
Comments are closed.