وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آڈیو لیک کرنے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آڈیو لیک میں کہا گیا کہ امریکا سے آنے والے تار پر امریکا کا نام نہیں لینا۔
انہوں نے کہا کہ سائفر کے معاملے میں ملک اور قوم کے ساتھ بدترین بد دیانتی کی گئی، کبھی کسی نے وطن کا وقار اس طرح مجروح نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ آڈیو لیک میں کہا گیا کہ سائفر کے ساتھ ’کھیلنا‘ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی دن رات جھوٹ بولتا ہے قوم سے فراڈ کرتا ہے، میں قسم کھا کرکہتا ہوں کہ یہ فراڈیا ہے فراڈیا۔ میں 4 سال سے بتا رہا ہوں کہ عمران نیازی جھوٹا شخص ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سائفر پر آڈیو لیک کے بعد اب کوئی شک نہیں رہا کہ سازش کس نے کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، سعودی عرب اور قطر نے مدد کی، پتھر دل عمران سازش کر رہا ہے کہ دنیا پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے امداد نہ دے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے حواریوں نے ایسے بیانات دیے جیسے پاکستان نہیں کوئی دشمن ملک آئی ایم ایف سے مذاکرات کر رہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو ایک بد ترین کرائسز سے گزارا ہے، آئی ایم ایف کا معاہدہ خود کیا اور شرائط کی دھجیاں اُڑائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ ہوجائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فوج نے عظیم اور بے مثال قربانیاں دی ہیں، لیکن اُس نے افواج پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ اب فیصلہ 22 کروڑ عوام نے ووٹ کے ذریعے کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اُس نے کہا تھا میں کے پی میں 300 یونٹ لے کر آؤں گا، لیکن ایک بھی یونٹ نہیں لایا جبکہ خیبر پختونخوا قرض لے لے کر ڈیفالٹ کے قریب ہے۔
Comments are closed.