پیر28؍ذوالحجہ 1444ھ17؍جولائی 2023ء

آپ نے پاکستان کے دوست اور خیرخواہ کا کردار ادا کیا، وزیراعظم کی صدر سری لنکا سے گفتگو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے پاکستان کے دوست اور خیرخواہ کا کردار ادا کیا۔

وزیرِ اعظم نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے میں حمایت اور مدد پر سری لنکا کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان اور سری لنکا قریبی بااعتماد دوست ہیں، علاقائی ترقی اور امن کے لیے سری لنکا کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ اُمید ہے پاکستان اور سری لنکا موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے نکل آئیں گے۔

سری لنکا کے صدر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی طرف سے نیک تمناؤں پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست ہے، دوستوں کی مدد کرنا ہی دوستی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام ہمارے لیے حلوہ نہیں بلکہ چیلنج ہے۔

سری لنکا کے صدر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی مشکل حالات میں کاوشوں کو سراہا اور آئی ایم ایف معاہدہ طے پانے پر مبارک باد دی۔

شہباز شریف کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) آئی ایم ایف سے ملاقات پر صدر سری لنکا نے پاکستان کی مدد پر زور دیا تھا۔

سری لنکا کے صدر نے ایم ڈی آئی ایم ایف سے کہا تھا کہ ڈیفالٹ کی وجہ سے سری لنکا کو شدید مصائب کا شکار ہونا پڑا، پاکستان کو اس صورتحال سے بچایا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.