
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ شوکت ترین جھوٹ بولنا بند کریں، آپ پاکستان کی چھٹی کروارہے ہیں، آپ سوچ بھی کیسے سکتے ہیں کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ رکوانے کے لیے خط لکھا جائے، آپ آئی ایم ایف کی چھٹی کروارہے تھے یا پاکستان کی؟
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شوکت ترین نے واضح کہا کہ ہم ان کو اسکاٹ فری نہیں جانے دیں گے، آپ کے لیے عمران خان اہم ہوں گے ہمارے لیے ملک کا مفاد مقدس ہے، کیا آپ نے معاہدہ نہیں کیا کہ پیٹرول پر ہر ماہ ٹیکس بڑھائیں گے؟
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان تو ملک کا قرض کم کرنے آئے تھے کیا یہ قرضہ کم کیا؟ شہباز شریف نے ایک دن بھی پیٹرول کی قلت نہیں ہونے دی، لوڈشیڈنگ ختم کی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ 40 لاکھ سے زیادہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کو 25 ہزار روپے ماہانہ دے رہے ہیں، 60 سے 70 ارب روپے خرچ ہوں گے لیکن متاثرین کو پیسے دیں گے وہ مشکل میں ہیں، سیلاب سے علاقے، فصلیں تباہ ہوگئیں اور آپ سیاست کررہے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ دس سال سے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ہے پوچھیں وہاں صحت اور تعلیم کا کیا حال ہے؟ روس سے کیا 70 سال میں پاکستان تیل لے کر آیا ہے، کیا وہ تیل یہاں ریفائن ہوتا ہے؟
Comments are closed.