جمعہ 18؍رجب المرجب 1444ھ10؍فروری 2023ء

آن لائن یا ایڈوانس فیس جمع کرانیوالوں کیلئے پاسپورٹ آفس ہفتے کو بھی کھلیں گے

نئے پاسپورٹ بنانے کی فیسوں میں اضافے کی تردید کے باوجود ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کا غیر معمولی رش جاری ہے۔

صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے چھٹی کے روز ہفتہ 11 فروری سے ملک بھر میں مخصوص ریجنل پاسپورٹ دفاتر کھولنے کا حکم دیا گیا ہے۔

پاکستانی پاسپورٹ بنانے کی فیسوں میں اضافے کی افواہ کی اطلاع سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد سے پاسپورٹ دفاتر میں غیر معمولی رش ہے۔

ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سندھ خالد میمن کے مطابق چونکہ ہفتے کو نیشنل بینک کی برانچز بند ہوں گی، شہری بینک میں فیس جمع نہیں کرا سکیں گے اس لیے جن شہریوں نے پاسپورٹ بنانے کی اپنی فیس آن لائن یا پہلے سے بینک میں جمع کروا دی ہے وہ اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسے شہری 11 فروری بروز ہفتہ صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک پاسپورٹ کے حصول کے لیے رجوع کر سکتے ہیں۔

پیر کو پاسپورٹ آفس صدر میں بڑی تعداد میں لوگ پہنچے ہوئے تھے۔

ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سندھ خالد میمن کے مطابق کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ، سانگھڑ، ٹنڈو اللّٰہ یار، میر پور خاص، خیر پور، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، نواب شاہ، دادو، گھوٹکی اور مٹیاری سمیت سندھ کے تمام 13 پاسپورٹ دفاتر کل کھلے رہیں گے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ 11 فروری کو سینٹرل پنجاب زون، خیبر پختون خوا زون، نارتھ پنجاب، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان زون، سندھ زون، بلوچستان زون، ساؤتھ پنجاب زون اور ہیڈ کوارٹر زون کے مخصوص ریجنل پاسپورٹ دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.