پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر حماد اعظم اور فاسٹ بولر احسان عادل نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں کرکٹرز کو ان کی کرکٹ میں خدمات پر مبارک باد دیتے ہوئے مستقبل میں ان کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
احسان عادل نے فروری 2013ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اس کے بعد وہ مزید دو ٹیسٹ میچز کھیلے۔
انہوں نے تین ٹیسٹ میچز میں 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہ 6 ون ڈے انٹر نیشنل میں 4 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
احسان عادل نے انٹر نیشنل کرکٹ میں آنے سے قبل 2012ء میں آسٹر یلیا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
انہوں نے مارچ 2012 سے اکتوبر 2021 تک اپنے کیریئر میں 67 فرسٹ کلاس میچز میں 245 وکٹیں حاصل کیں۔
67 لسٹ اے ون ڈے میچز میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 98 رہی جبکہ 68 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں وہ 86 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
آل راؤنڈر حماد اعظم نے 2011 سے 2015 تک کے عرصے میں 11 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جن میں 80 رنز بنانے کے علاوہ 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 5 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچوں میں وہ 34 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
حماد اعظم نے 2010ء میں نیوزی لینڈ میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
دسمبر 2008 سے جون 2021 تک اپنے ڈومیسٹک کیریئر میں حماد اعظم نے 107 فرسٹ کلاس میچز میں 4953 رنز بنائے اور 11 وکٹیں حاصل کیں۔
حماد اعظم نے 114 لسٹ اے ون ڈے میچز میں 2362 رنز اسکور کرنے کے علاوہ 91 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 98 ٹی ٹوئنٹی میچز میں وہ 1361 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 75 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
Comments are closed.