اتوار 22؍جمادی الثانی 1444ھ15؍جنوری 2023ء

آفاق احمد نے کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے التوا کے مطالبے کی حمایت کردی

مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے سربراہ آفاق احمد نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے التوا کے مطالبے کی حمایت کردی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران آفاق احمد نے کہا کہ انتخابات ملتوی کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، یہ کوئی قرآنی آیت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ سے آج بھی رابطے میں ہیں، اُن سے مشاورت کے بعد کوئی دوسرا فیصلہ بھی ہوسکتا ہے۔

ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ نےکہا کہ خالد مقبول کو یقین دلایا کہ حلقہ بندیوں کے معاملے پر آپ کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے بھی حلقہ بندیوں پر سوال اٹھایا۔

ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ نے مزید کہا کہ حکومت کے اتحادی مردم شماری، حلقہ بندیوں پر اعتراضات اٹھاتے رہے، موجودہ غیریقینی صورتحال کی ذمےدار پیپلز پارٹی ہے۔

آفاق احمد نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت نے بار بار حلقہ بندیاں درست کرنے کی نشاندہی کرائی جبکہ الیکشن کمیشن مسلسل سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن رد کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تصادم کی صورتحال سے بچنے کی کوشش کریں گے، ہمیں الیکشن کے عمل سے دور نہیں رہنا چاہیے، مہاجر قومی موومنٹ انتخابات میں حصہ ضرور لے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کا مسئلہ ہے، جس کی اداروں نے نشاندہی کی ہے، اس خطرے کے پیش نظر تحفظ کے لیے اقدامات کیوں نہیں کیے جا رہے۔

آفاق احمد کا کہنا تھا کہ آرمی اور رینجرز تعینات ہوگی تو ہی پرامن انتخابات ہوں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.