طبی ماہرین نے آشوب چشم سے شدید متاثر مسافروں کو از خود فضائی سفر نہ کرنے کی تجویز دے دی۔
آنکھوں کے انفیکشن آشوب چشم کے پھیلاؤ کے حوالے سے بارڈر ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ نے فضائی مسافروں کے لیے الرٹ جاری کردیا ہے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ایئرپورٹس پر تعینات طبی عملہ اور ایئرلائنز کو آشوب چشم سے متعلق ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ایئر لائنز آشوب چشم سے متاثر مسافر کو ایئرپورٹ پر محکمہ صحت کے ڈاکٹر سے رجوع کرنے کو کہیں۔
ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ نے بتایا کہ آشوب چشم سے متاثر مسافروں کے سفر پر پابندی عائد نہیں کی جا رہی، تاہم محکمہ صحت کے ڈاکٹر متاثرہ مسافر کی حالت دیکھتے ہوئے سفر کے بارے میں ہدایات دیں گے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ نے آشوب چشم سے شدید طور پر متاثر مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ از خود سفر سے گریز کریں کیونکہ آشوب چشم ایک متعدی مرض ہے یہ مرض ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقل ہو سکتا ہے۔
Comments are closed.