آسٹریلیا کے لیجنڈری اسپنر شین وارن دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے، شین وارن کی عمر 52 سال تھی۔
ترجمان شین وارن کا کہنا ہے کہ شین وارن تھائی لینڈ کے وِلا میں مردہ حالت میں پائے گئے، ان کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ شین وارن کو میڈیکل ٹیم نے بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
شین وارن نے آسٹریلیا کی جانب سے 145 ٹیسٹ میچز میں 708 وکٹیں لیں، شین وارن نے 194 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 293 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔
سر ویوین رچرڈز نے بھی شین وارن کی موت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے شین وارن کی اچانک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میرے پاس بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں کہ یہ خبر سن کر مجھے کتنا صدمہ ہوا ہے۔
اس سے قبل آج ہی کے روز آسٹریلیا کے لیجنڈری وکٹ کیپر راڈنی مارش بھی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، انہوں نے 96 ٹیسٹ اور 92 ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔
لیجنڈری وکٹ کیپر راڈنی مارش کو گزشتہ جمعرات کو دل کا دورہ پڑا، جس سے وہ صحتیاب نہ ہو سکے اور 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
مارش نے 1970 سے 1984 تک آسٹریلیا کے لیے 96 ٹیسٹ میچزمیں وکٹوں کے پیچھے 355 شکار کیے جو ان کی ریٹائرمنٹ کے وقت ایک عالمی ریکارڈ تھا۔
Comments are closed.