جمعہ20؍جمادی الثانی 1444ھ13؍جنوری 2023ء

آسٹریلیا افغانستان کیخلاف سیریز سے دستبردار، افغان کھلاڑی احتجاجاً بی بی ایل سے علیحدہ

آسٹریلیا افغانستان کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز سے دستبردار ہوگیا جس کے ردِ عمل میں افغان کرکٹر نوین الحق بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے علیحدہ ہوگئے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کی ملازمت اور لڑکیوں کی تعلیم پر حالیہ پابندی کے اعلان کے بعد انہوں نے اپنی حکومت کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب افغانستان کے فاسٹ بولر نوین الحق نے احتجاجاً بگ بیش لیگ چھوڑ دی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کرکٹ آسٹریلیا ایسے فیصلے ختم نہیں کرے گا وہ بی بی ایل میں شرکت نہیں کریں گے۔

نوین الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا پہلے واحد ٹیسٹ میچ سے پیچھے ہٹا اور اب ون ڈے سیریز سے دستبردار ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ملک کو جسے سپورٹ کی ضرورت ہے آپ ان سے ایک خوشی کی وجہ واپس لے رہے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ اپنی حکومت سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ اس وقت افغانستان کے خلاف مارچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شیڈول آئی سی سی سپر لیگ کی تین میچز کی ون ڈے سیریز سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

یہ فیصلہ طالبان کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم اور روزگار کے مواقع اور پارکس اور جم تک رسائی پر مزید پابندیوں کے حالیہ اعلان کے بعد کیا گیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان سمیت دنیا بھر میں خواتین اور مردوں کے لیے کھیل کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ ملک میں خواتین اور لڑکیوں کے لیے بہتر حالات کی توقع میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.