ہفتہ 20؍ربیع الاول 1445ھ7؍اکتوبر 2023ء

آزاد کشمیر: عدالت نے پی ٹی آئی، پی پی اور ن لیگ کی رجسٹریشن منسوخ کردی

مظفر آباد: آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن عدالت نے منسوخ کردی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن سے متعلق بڑا فیصلہ سنا دیا، جس میں عدالت نے پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن غیر آئینی قرار دے دی اور بلدیاتی کسنولرز کو جاری تمام نوٹسز بھی کینسل کردیے۔

عدالت نے اپنے اہم فیصلے میں قرار دیا کہ آ زاد کشمیر کی سیاسی جماعتیں قانون کے مطابق رجسٹرڈ نہیں ہیں، لہذا انہیں یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ کسی بھی شخص کو نوٹس جاری کریں۔ اپنے فیصلے میں آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ سیاسی جماعتوں نے رجسٹریشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔

ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن پر سخت برہمی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ آئندہ غیرقانونی رجسٹریشن نہ کی جائے کیونکہ آزاد کشمیر کے قانون میں عبوری رجسٹریشن کا کوئی تصور موجود نہیں۔ الیکشن کمیشن آئین کے بغیر کسی سیاسی جماعت کو رجسٹریشن نہیں دے سکتا تھا۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو عبوری رجسٹریشن دی تھی۔ اس حوالے سے ہائی کورٹ میں مختلف رٹس دائر کی گئیں تھیں جن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیاسی جماعتیں کونسلرز کو نوٹسز جاری نہیں کرسکتیں۔

ن لیگ، پی ٹی آئی اور پی پی نے بلدیاتی انتخابات کے بعد چیئرمین ضلع کونسل اور دیگر کے الیکشن میں جماعتی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر بہت سے کونسلر کو نوٹس جاری کیے تھے جس پر متاثرہ کونسلر نے آزاد کشمیر ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

You might also like

Comments are closed.