آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے امریکا کے دورے میں اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان ملاقاتوں میں سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن، سیکریٹری دفاع جنرل لائیڈ جے آسٹن سے ملاقات شامل ہیں۔
آرمی چیف کی نائب امریکی وزیرِ خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، نائب قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر سے بھی ملاقات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو براؤن سے بھی ملاقات ہوئی۔
ان ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی، عالمی و علاقائی سلامتی کے باہمی امور اور بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں طرف سے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے دوطرفہ تعاون کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا اور ملاقاتوں کے دوران انسدادِ دہشتگردی اور دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں سائیڈز نے باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں آرمی چیف نے پاکستانی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام استقبالیہ میں بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بات چیت کی اور ان کے ملکی ترقی کے لیے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کُل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ بیرونِ ملک پاکستانی پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں۔
آرمی چیف نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ اور دیگر گمراہ کن افواہوں کو رد کیا۔
اس موقع پر بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی نے افواج کی پاکستان کے لیے خدمات کو سراہا اور کہا کہ افواجِ پاکستان ہمارا فخر ہیں۔
Comments are closed.