بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

آج کی آڈیو سے عمران خان کے چہرے ماسک اتر گیا ہے، شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ آج کی آڈیو سے عمران خان بہروپیے کے چہرے ماسک اتر گیا ہے، عمران خان نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی، اپنی انا اور مفاد کے لیے عمران خان نے ملک کی سالمیت و بیرونی تعلقات کو داؤ پر لگایا، سائفر کا سر ہے نا پیر ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ان لوگوں نے اقتدار کی ہوس میں قوم کو بیوقوف بنایا، پہلے بھی حکومتیں نکالی گئیں لیکن کسی نے ایسے کام نہیں کیے جیسے عمران خان کر رہا ہے، یہ جھوٹا سائفر ہے جس کا کوئی ثبوت نہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان شاہ محمود اور دیگر نے اپنی سیاست کے لیے قوم کو بےوقوف بنایا، اگر یہ سازش تھی تو بطور وزیراعظم اُس ملک کے سفیر کو طلب کیوں نہیں کیا؟ سائفر کے بعد اُس ملک کے سفیر کو ریڈ کارپٹ پر مدعو کیا گیا، اُسی ملک کے لوگوں کو لابنگ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ یہ ایک ڈرپوک شخص ہے اس نے ملک کے اداروں کو نقصان پہنچایا، اقتدار کے لالچ میں یہ آج جج صاحبہ سے معافی مانگنے پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس پر پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ ریکارڈنگ نہیں ہونی چاہیے، وزیراعظم ہاؤس کی آڈیوز آنا تشویشناک ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اب تک حکومت سیلاب کے نقصانات کا تخمینہ لگا رہی ہے، لوگ واپس اپنے گھروں کی جانب جانا شروع ہو چکے ہیں، تباہی بڑی ہے تو نقصانات بھی زیادہ ہیں، اب تک حکومت 3 لاکھ 42 ہزار خیمے دے چکی ہے،  راشن بیگ 10 لاکھ 60 ہزار خاندانوں کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اپنے دوروں میں سیلاب کی تباہی کو اجاگر کر رہے ہیں، مختلف ممالک سے تعلقات ہماری سابقہ حکومت نے خراب کیے تھے، اب ہمارے وزیر خارجہ ان ممالک سے تعلقات بہتر بنا رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.