ایشیا کپ میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دوسری مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئیں گی۔
ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہیں ہو سکا تھا جس کے بعد شائقین نے یہ سوچ کر صبر کرلیا تھا کہ دونوں ٹیموں کو ایک مرتبہ پھر سُپر فور مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف ایکشن میں دیکھ لیں گے۔
پہلے ٹاکرے کی طرح آج بھی پاک بھارت میچ میں کولمبو میں بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔
کولمبو سے آنے والی موسم کی پیش گوئیوں نے شائقینِ کرکٹ کی پریشانیوں کو مزید بڑھانا شروع کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آج کولمبو میں صبح سے ہی بارش کا امکان ہے جو کہ دن گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید بڑھتا چلا جائے گا۔
موسم کے حالات بتانے والی امریکی کمپنی کے مطابق آج صبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک کولمبو میں بارش کا امکان 50 فیصد کے اندر ہے جبکہ 3 بجے سے 7 بجے کے درمیان بارش کا امکان 49 سے 66 فیصد ہے۔
موسم بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق شام 7 بجے کے بعد بارش کا امکان تھوڑا مزید بڑھ جائے گا جو کہ 69 فیصد تک بتایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اگر آج پاک بھارت میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوتا ہے اور مکمل نہیں ہو پاتا تو اس صورت میں میچ کل بھی ریزرو ڈے پر جاری رہے گا۔
اگر آج میچ کسی موقع پر رکتا ہے اور مکمل نہیں ہو پاتا تو یہ میچ کل بھی جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعتراضات پر پیر کو بطور ریزرو ڈے رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
Comments are closed.