چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کے ضمنی الیکشن میں ہنگامہ آرائی اور مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشنز آئیں۔
میڈیا سے گفتگو میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس اور مستعد رہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پولنگ میں بدامنی پھیلانے پر موقع پر گرفتاری کی جائے، بلا امتیاز اور بلا تفریق ہر خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے اور مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک رہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ عوام افواہوں پر یقین نہ کریں، مصدقہ معلومات اور شکایات کے لیے صوبائی اور مرکزی کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر صورت میں شفاف اور پرامن الیکشن کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے، جہاں 15 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی، یہ نشست پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔
حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے معید انور اور پی ٹی آئی کے امیدوار محمود مولوی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔
Comments are closed.