وفاقی وزیرِ ماحولیاتی تبدیلی و سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ محکمۂ موسمیات کی جانب سے آج سے 30 جون تک ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شیری رحمٰن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پری مون سون بارشوں سے شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ 25 سے 30 جون کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں بارش متوقع ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختون خوا میں اس دوران تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان، جنوبی پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں 26 سے 29 جون کے درمیان آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
اُنہوں نے شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کے خدشے کا اظہار بھی کیا ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ اور مقامی اداروں کو الرٹ رہنے، سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو بارشوں کے دوران کمزور انفرااسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں اور ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی۔
Comments are closed.