پیر12؍رمضان المبارک 1444ھ3؍اپریل 2023ء

آج سیاسی جماعتوں کی اکثریت اکٹھی بیٹھی ہے، قمر زمان کائرہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آج سیاسی جماعتوں کی اکثریت اکٹھی بیٹھی ہے، یہی عمل عدالت کے لیے بھی ضروری ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج اس وقت پاکستان معاشی چیلنج سمیت بہت سارے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، پاکستان کو اس وقت عدالتی اور آئینی بحران کا بھی سامنا ہے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں ایک ہیجان پیدا کر دیا گیا ہے، ہیجان کا المیہ یہ ہوتا ہے کہ آپ صرف جذبات کو سن رہے ہوتے ہیں، عقل و منطق پیچھے رہ جاتی ہے، یہ بات سیاسی جماعتوں، عدالتوں کے اندر بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس ہیجان، غصے، جذباتی کیفیت سے باہر نکلیں، سب حالات کا درست تجزیہ کریں، قابل عمل کیا ہے اس کی طرف بڑھنے کی کوشش کریں، ہمیں اس بات کی توقع ہے عدالت ہیجان کے ماحول کا شکار نہیں ہو گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ اس وقت جو عوامی مطالبہ ہے، وکلاء تنظیموں، سیاسی جماعتوں، جج صاحبان کی طرف سے بھی ہے، اس ملک کے لیے فائنل فیصلہ کرنے کے لیے آپ فل کورٹ بنا دیں، اگر ایسا نہیں ہوتا تو ہماری بدقسمتی کی تاریخ میں ایک اور اضافہ ہو گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.