آج سندھ بھر میں سندھی ثقافت سے محبت کے اظہار کے لیے یوم ثقافت منایا جارہا ہے۔
سندھ میں رہنے والے اپنے اپنے انداز سے سندھی ثقافت کو اجاگر کر رہے ہیں۔
بچے، بڑے، نوجوان، بزرگ سندھی ٹوپی اور اجرک زیب تن کیے اور رقص کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
حیدرآباد کے مقامی کالج میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے گاؤں کی منظر کشی کی گئی۔ روایتی شادی اور علاقائی گیتوں پر رقص کر کے سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار بھی کیا گیا۔
سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے اور اس سے اپنی روایتی محبت کے اظہار کے لیے تھرپارکر میں بھی تقریبات جاری ہیں۔
طلباء کا کہنا ہے کہ سندھی ثقافت کا دن منانے کا مقصد اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار اور پوری دنیا کو اپنی ثقافت کی پہچان کروانا ہے۔
ٹھٹھہ میں سندھی ثقافت کا آغاز مچھ کچہری سے کیا گیا، ٹھٹھہ پریس کلب میں اینٹوں کے درمیان الاؤ جلایا گیا اور دیئے روشن کئے گئے۔
مچھ کچہری میں مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، مچھ کچہری میں شامل افراد نے سندھی گیتوں پر رقص بھی کیا۔
Comments are closed.