جمعرات 22؍محرم الحرام 1445ھ10؍اگست 2023ء

آج رات صدر مملکت کو قومی اسمبلی تحلیل کی سمری بھیجوں گا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وہ آج رات صدر مملکت کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھیجیں گے۔

کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 16ماہ کی مختصر ترین حکومت کو بڑے چیلنجز کا سامنا رہا، عوام کی ہر ممکن خدمت کرنے کی کوشش کی۔

شہباز شریف  نے کہا کہ 16 ماہ میں ہر ممکن کوشش کی کہ مشکل صورتحال کو بہتر بنائیں، حکومت سنبھالتے ہی سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا، وفاق اور صوبوں نے سیلاب جیسی آفت سے نمٹنے کیلئے دن رات محنت کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے نگراں وزیراعظم کیلئے دو نام دے دیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ہماری حکومت کا آخری دن اور کابینہ کا آخری سیشن ہے، مخلوط حکومت نے 16ماہ میں بھرپور خدمت کی، آپ نے نہیں سوچا کہ سیاست قربان ہوتی ہے، میں اپنے قائد نواز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہماری تاریخ کی مختصر ترین حکومت تھی جو 16ماہ رہی، 11 اپریل 2022 کو قومی اسمبلی نے ہم پر اعتماد کیا، مدت پوری ہونے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 76 ارب روپے تقسیم کیے، آپ سب نے اپنی سیاست کو قربان کرکے ریاست کو بچایا، چین نے 5 ارب ڈالر کے قرض رول اوور کیے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا یہ پاکستان کی تاریخ کا المناک سانحہ ہے، 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ پاکستان اور سپہ سالار کے خلاف سازش تھی، پاکستان کو تباہ کرنے کی سازش تھی۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو سازش چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کی، اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے پاکستان کو اس ناپاک سازش سے بچایا، 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور بدترین دہشت گردی کی گئی، پتھر دل والا بھی شہیدوں کی بے حرمتی کا نہیں سوچ سکتا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.