پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے بلال غفار پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن مجموعی طور پر پُرامن ہو رہے ہیں، عوام ووٹ ڈالنے باہر نکلیں۔
ننکانہ صاحب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کی ذیلی تنظیم بن گیا ہے، پولنگ ایجنٹس کو تنگ کرنے، ووٹرز لسٹیں بدلنے اور میڈیا کو کوریج سے روکنے کی شکایات مل رہی ہیں۔
سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عوامی دباؤ پر الیکشن کمیشن نے الیکشن کرائے، کراچی کے لوگ پیپلز پارٹی کی فسطائی حکومت کا خاتمہ کریں گے، زیادہ تر شکایات الیکشن کمیشن کی طرف سے آ رہی ہیں، ووٹر لسٹوں کی تبدیلی کی سب سے زیادہ شکایات فیصل آباد سے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ننکانہ شہر میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کم نظر آ رہا ہے، عوام یہ سوچ ہی نہیں رہے ہیں کہ ان اسمبلیوں کا کوئی مستقبل ہے، آج کا الیکشن ایک اور ریفرنڈم ہے کہ عوام عام انتخابات چاہتے ہیں، جہاں الیکشن ہوں انتظامیہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے ماتحت ہوتی ہے۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا ہے کہ 70 فیصد دھاندلی گنتی کے وقت ہوتی ہے، پہلے ان کو استعفے قبول کرنے کا شوق تھا، اب یہ الیکشن سے بھاگنے کی راہ تلاش کر رہے ہیں، یہ الیکشن پیپلز پارٹی کا بھی آخری الیکشن ہو گا۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ الیکشن پُرامن ہو رہے ہیں، لوگ باہر نکلیں، لوگوں کا ووٹ جو بائیڈن کے بیان کا منہ توڑ جواب ہو گا۔
Comments are closed.