دنیا کی مہنگی ترین اور پُرکشش بھارت کی انڈین پریمیئر لیگ کے کھلاڑیوں کے سامان پر چوروں نے ہاتھ صاف کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل میں شکست کے دلدل میں پھنسی ٹیم دہلی کیپیٹلز کو سفر کے دوران ایک اور مشکل کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
اب تک 5 میچز کھیل کر کامیابی سے محروم دہلی کیپیٹلز کے کھلاڑی اب اپنے بلوں، پیڈز، جوتوں، گلووز اور دیگر سامان سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کی فرنچائز دہلی کیپیٹلز کے کھلاڑی بنگلور سے دہلی ایئر پورٹ پر اترنے کے بعد اپنے سامان سے محروم ہوئے جس کا کھلاڑیوں کو ایک دن بعد معلوم ہوا جب ان کے پاس ایک دن بعد کارگو سے کٹ بیگ واپس آئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تقریباً تمام کھلاڑیوں کے بلے چوری ہوگئے جبکہ ٹیم کے بیٹر یش دھل کے کم از کم 5 بلے غائب ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹیم میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کے 3، مچل مارش کے 2 اور انگلینڈ کے فِل سالٹ کے 3 بیٹ چوری ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ کچھ کھلاڑیوں کے جوتے، گلووز اور دیگر کرکٹ کا سامان بھی غائب ہے۔
رپورٹس کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں کے چوری ہونے والے بلے کی قیمت ایک ایک لاکھ روپے تھی جن کی مجموعی قیمت 16 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کیپیٹلز کی انتظامیہ پولیس سے مدد لینے کے بارے میں غور کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ دہلی کیپیٹلز آئی پی ایل 2023 میں اب تک 5 میچ کھیل چکی ہے جس میں اسے فی الحال کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔
Comments are closed.