وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) برآمدات کو 20 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کے ذریعے تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔
آئی ٹی منصوبوں کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارے نوجوان مختلف شعبوں میں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ذہین، محنتی اور باہمت ہیں، سہولتوں اور وسائل کی کمی کے باوجود نوجوان بہتر کام کررہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ معاشی بحالی کے قومی منصوبوں کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی حمایت حاصل ہے، اگلے چند ماہ میں بہت سے منصوبے قومی دھارے میں شامل ہوں گے، معاشی منصوبوں پر عمل درآمد سے ملک کو خوشحال بنائیں گے، نوجوانوں کیلئے آئی ٹی کے شعبے میں تمام وسائل کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزرا اور غیر ملکی مہمان بھی شریک تھے۔
Comments are closed.