پیر 24؍ شوال المکرم 1444ھ 15؍مئی 2023ء

آئی سی سی کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کر دیں۔ پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی میٹنگ کے بعد کی گئیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں ریویو کے دوران ایمپائر کی جانب سے دیا جانے والا سافٹ سگنل ختم کر دیا گیا ہے۔

سافٹ سگنل کے خاتمے کا اطلاق یکم جون سے انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔

اب ٹی وی امپائر کے ریویو کے دوران امپائر سافٹ سگنل نہیں دے گا۔ آن فیلڈ امپائر فیصلے سے پہلے ٹی وی امپائر کے ساتھ مشاورت کرے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں ہائی رسک انجری پوزیشن والے پلیئرز کے لیے ہیلمٹ پروٹیکشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 

فاسٹ بولرز کا سامنا کرتے وقت بیٹرز ہیلمٹ لازمی پہنے گا جبکہ جب وکٹ کیپر اسٹمپس کے قریب کھڑا ہو تب ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا۔ 

اسی طرح بیٹرز کے قریب کھڑے فیلڈر کے لیے بھی ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا۔ 

فری ہٹ پر گیند اسٹمپس کو لگنے کے بعد بننے والا رن اب باقاعدہ رن شمار ہوگا۔ یہ رن بائے میں شمار کیا جائے گا۔

چیئرمین آئی سی سی کرکٹ کمیٹی سارو گنگولی نے کہا کہ پلیئرز کی حفاظت ہمارے لیے بڑی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ہیلمٹ پہننے کو متعدد جگہ پر لازمی قرار دیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ سافٹ سگنل کے خاتمے پر گزشتہ کمیٹی میٹنگ میں بھی مشاورت ہوئی تھی، کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ سافٹ سگنل غیر ضروری تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.