انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ میٹنگز 10 سے 13 جولائی تک ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی میٹنگز جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں ہوں گی جس میں اہم امور زیرِ بحث آئیں گے جبکہ اس دوران سالانہ رپورٹ اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر بھی بات ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے حوالے سے ممبرز کو بریف کرے گا جبکہ میٹنگز کی سائیڈ لائنز پر پی سی بی کے عہدے داران ممبرز ممالک کے عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایشیاء کپ کے میچز میں اضافے اور دیگر امور پر بھی اے سی سی کے ممبرز سے سائیڈ لائنز پر بات ہو گی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگز میں پاکستان کی نمائندگی قائم مقام چیئرمین احمد شہزاد فاروق رانا کریں گے۔
پی سی بی کے چیئرمین کا انتخاب التواء کا شکار ہونے کی وجہ سے الیکشن کمشنر قائم مقام چیئرمین ہیں جبکہ سی او او سلمان نصیر کے قائم مقام چیئرمین کے ہمراہ ڈربن جانے کا امکان ہے۔
ان میٹنگز میں ورلڈ کپ اور آئندہ برس کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے امور پر بھی بات ہوگی اور امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کے لیے انفرااسٹرکچر کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق انفرااسٹرکچر کی رپورٹ کی روشنی میں امریکا میں میچز کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میزبان ویسٹ انڈیز اور امریکا ہیں۔
Comments are closed.