بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق بجلی اور مہنگی ہونے والی ہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک طرف مہنگائی بڑھ رہی ہے، دوسری طرف معیشت کمزور ہو رہی ہے، آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق بجلی اور مہنگی ہونے والی ہے۔

اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ آج ماہرین کے ساتھ ملکی معاشی صورتحال پر بات کی ہے،  موجودہ حکومت کی ملک میں اور بیرون ملک کوئی ساکھ نہیں رہی۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی ساری شرائط مان لیں، تاریخی مہنگائی کر دی گئی، سیاسی استحکام کے بغیر ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام آنے کے باوجود روپیہ کی قدر مسلسل کم ہو رہی ہے، انتخابات کے انعقاد میں تاخیر سے صرف اور صرف پاکستان کو نقصان ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ اگلے مہینے انشاء اللّٰہ 70 برس کا ہو جاؤں گا، آج تک کسی پارٹی کو اتنی مقبولیت نہیں ملی جو پاکستان تحریک انصاف کو ملی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی 60 فیصد کابینہ ضمانتوں پر ہے، موجودہ حکومت ملک کا سوچنے کے بجائے اپنے کیسز ختم کروانے میں لگی ہوئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کہتی ہے اسے مشکل پاکستان ملا، بارودی سرنگیں بچھی ہیں، اس حکومت کے پاس سیلاب سے نمٹنے کیلئے کوئی پلان ہی نہیں تھا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جن کے پاس طاقت ہے وہ سیاسی عدم استحکام کو روک سکتے تھے، پاکستان کو دلدل سے نکالنے کیلئے جلد از جلد شفاف انتخابات کروائے جائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.