ترجمان سندھ حکومت و ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا پریشر ہے تو ہائی اوکٹین کی قیمت بڑھالیں، انہیں غریب آدمی کا استحصال کرنا ہے اس لئے پٹرول کی قیمت بڑھائی، ہائی اوکٹین امیروں کا پٹرول ہے، ہائی اوکٹین موٹرسائیکل میں نہیں ڈالا جاتا۔
سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 2018 میں الیکشن ہوئے تو چینی 55 روپے فی کلو تھی، آج عمران خان کی حکومت میں 150روپے کلو پر چینی نہیں مل رہی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگر عمران خان رہا تو کوکنگ آئل 463 روپے لیٹر ہوجائے گا، پھر فواد چوہدری کہیں گے فٹنس پوائنٹ سے تلا ہوا کھانا نہیں کھانا چاہیے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ خان صاحب نے قوم سے خطاب کیا اور ریلیف دینے کی بات کی، تاریخی ریلیف کےاثرات ملنا شروع ہوگئے، پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوگیا، معیشت تنزلی کا شکار ہے، قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم بجٹ میں مزدور کی بنیادی تنخواہ 25 ہزار تک لے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پٹرول کی قیمت میں ساڑھے 8 فیصد کمی ہوئی ہے، زندگی بچانے والی ادویات کی قیمت میں تاریخی اضافہ ہوا ہے۔
Comments are closed.