وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام نہ ہوتا تو نہ جانے کتنی تباہی ہوتی، یہ پروگرام بڑی کامیابی ہے۔
وفاقی سیکریٹریز سے الوداعی ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بہت اچھے طریقے سے اتحادی حکومت چلائی گئی، پختہ سوچ ہو تو اتحادی حکومتیں بھی چل سکتی ہیں، یہ آسان کام نہیں تھا، لیکن ایک سوچ تھی کہ کچھ کرنا ہے، مشکلات کو ایک سبق کے طور پر یاد رکھوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی بتاتا ہے کہ اچھے کام کرنے والے بے جا تنقید کا نشانہ بنے، بڑی بد قسمتی ہے کہ اچھا کام کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جنہوں نے کمٹمنٹ سے کام کیا، بدقسمتی سے وہی تنقید کا نشانہ بنے، سیاست دانوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بڑی محنت سے سولر کا 10 ہزار میگا واٹ کا ایک پلان بنایا، شروع میں بڑی دلچسپی سامنے آئی، پھر آہستہ آہستہ کم ہوگئی، جس کی وجہ سیاسی عدم استحکام تھا، گوادر میں 6 سال سے تاخیر کے منصوبے مکمل ہوگئے، گوادر میں پانی کا منصوبہ بند تھا، اسے مکمل کیا گیا۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ وفاق میں بند بڑے منصوبے مکمل کیے گئے، منصوبے اس لیے بند رہے کہ فلاں حکومت یا کسی اور کو کریڈٹ جائے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حالات اتنے خستہ حال ہوتے کہ ان کا اندازہ لگانا مشکل نہیں، سیلاب میں آپ نے بہترین کام کیا، آپ ہر جگہ پہنچے، 16ماہ کا عرصہ چیلنجز سے بھرپور تھا، گزشتہ حکومت میں سول سرونٹس کو مشکلات کا سامنا رہا۔
Comments are closed.