وزیرِ ریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام حاصل کرنا شادیانے بجانے کا کام نہیں، یہ عارضی ریلیف ہے، اصل ٹارگٹ پاکستان کی معیشت کی بحالی ہے۔
مشیرِ امور کشمیر قمر زمان کائرہ کے ہمراہ وزیرِ ریلوے سعد رفیق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قیامت خیز سیلاب نے سارے رکارڈ توڑ دیے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک کے مختلف اضلاع میں بےپناہ تباہی ہوئی ہے، ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، بحالی کا مرحلہ زیادہ مشکل ہے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، بحالی کے مرحلے پر سیاست پر بات نہیں کرنا چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کوشش کر رہا تھا پاکستان کو آئی ایم ایف کا پروگرام نہ ملے اور دوسرا شوکت ترین چاہ رہے تھے، اللّٰہ کا شکر ہے کہ عارضی ریلیف مل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم ہاؤس میں فلڈ ریلیف کانفرنس کی تھی اس میں سب کو مدعو کیا گیا تھا، وزرائے اعلیٰ کو بلایا گیا تھا۔
سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ افسوس وزرائے اعلیٰ کو روکا گیا، پنجاب، کے پی، جی بی کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگل میں آگ لگ جائے تو درندے بھی اکٹھے ہو جاتے ہیں۔
Comments are closed.