جمعہ 25؍ذوالحجہ 1444ھ14؍جولائی 2023ء

آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریں گے، وزیراعظم کی ایم ڈی IMF کو یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹالینا جارجیوا کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ آئی ایم ایف معاہدے کی معمولی خلاف ورزی کو بھی برداشت نہیں کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ 

اس موقع پر کرسٹالینا جارجیوا وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف بورڈ کیلئے نہایت عمدہ کیس پیش کیا۔

وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے میں تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ بورڈ کو ماضی کے اعتماد کے فقدان کے باعث معاہدے پر عمل درآمد پر شک تھا، وزیراعظم سے مسلسل رابطہ رہنے پر بورڈ کو یقین دلایا گیا کہ پاکستان وعدے پورے کرے گا۔

کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ بورڈ کو بتایا کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم سے ذاتی طور پر ملی ہیں، انہیں وعدے پورے کرنے پر سنجیدہ پایا، آئی ایم ایف اور پاکستان میں مضبوط شراکت داری اور باہمی اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کا اہم ممبر ہے، مدد جاری رہے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کی معمولی خلاف ورزی کو بھی برداشت نہیں کروں گا، یہ حکومت اگست تک رہے گی جس کے بعد عبوری حکومت آجائے گی، مجھے یقین ہے نگراں حکومت ذمہ داریوں کو پورا کرتی رہےگی، عوام نے دوبارہ منتخب کیا تو آئی ایم ایف کی مدد سے معیشت کو بہتر کریں گے۔

شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف کے غریبوں کا احساس کرنے کو تسلیم کیا اور تعاون کو قابل قدر قرار دیا۔

وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف سے پاکستان کے بہترین آموں کا ذکر کیا اور کہا کہ انہیں بطور احترام آموں کا تحفہ بھیجنا میرے لیے اعزاز ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.