سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عمران خان کے چیلنج کو دل کی گہرائیوں سے قبول کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی پہلے سے زیادہ بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے چیلنج پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو سندھ کے عوام نے تاریخی شکست دی۔ آئندہ بھی پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کی موت پورے پاکستان کے لیے صدمہ ہے۔ ارشد شریف کا شمار اچھے صحافیوں میں ہوتا ہے۔ پوری پیپلز پارٹی ارشد شریف کی وفات پر غمزدہ ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ ارشد شریف کے قتل کو پی ٹی آئی اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ عمران خان سے پوچھا جائے کہ انہیں کس نے بتایا تھا کہ ارشد شریف پر حملہ ہونے جا رہا ہے۔
عمران خان کے پاس ایسی کون سی گیدڑ سنگھی ہے کہ انہیں پہلے پتہ چل جاتا ہے۔ وہ کون لوگ ہیں کہ ہر سانحے سے پہلے عمران خان کو بتا دیتے ہیں کہ وہ کارروائی کرنے جا رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کی بطور وزیر اعظم موجودگی میں سینئیر صحافی ابصار عالم پر اسلام آباد جیسے شہر میں قاتلانہ حملہ ہوا۔ عمران خان اور عارف علوی، ابصار عالم کی عیادت تک کرنے نہیں گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں ایک خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔ وہ اور ان کی جماعت ملک کے اہم اداروں کے خلاف جھوٹا اور گھٹیا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ عمران خان کی دشمنی سیاسی مخالفوں سے نہیں لیکن پاکستان سے ہے ہے۔
Comments are closed.