سندھ کے وزیر بلدیات، ہاؤسنگ اور ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں کراچی سے پی پی پی کی فتح ہوگی، علی زیدی صاحب گھوٹکی سے کراچی تک مارچ کرنے جارہے ہیں، پوری امید آج پی ایس پی کے ساتھ مسائل حل ہوجائیں گے۔
سندھ کے وزیر بلدیات نے ان خیالات کا اظہار کورنگی میں کاٹی جی ایف ایس کمیونٹی سہولت پارک کے افتتاح کے موقع پر کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سرسبز کراچی بلاول بھٹو کا وژن ہے، شہر میں جہاں کہیں ایسا کام ہوگا، اسکی پذیرائی کریں گے۔
سید ناصر حسین شاہ نے گیس قلت پر کراچی کے صنعتکاروں کے احتجاج پر کہا کہ ایل این جی سستی تھی تو سودے نہیں کئے اب مہنگی ہے تو کررہے ہیں۔ نااہلی کے سبب گیس کا بحران ہے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ آصف زرداری کا ایران کے ساتھ گیس معاہدہ بعد میں آنے والی حکومت نے روک دیا، اگر وہ شروع ہوجاتی تو سستی اور بھرپور گیس میسر ہوتی۔
شہر کے بلدیاتی نظام پر انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے سب کو محبت ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو دو سال قبل گھر بھیجنے پر کوئی نہیں بولا۔
علی زیدی بھی مہنگائی کے بجائے بلدیاتی نظام پر گھوٹکی سے کراچی تک مارچ کریں گے۔ ملک میں کہیں اور بلدیاتی نظام کی بات نہیں ہوتی، انہوں نے کہا کہ پی ایس پی سے معاملات آج طے پاجائیں گے۔
Comments are closed.