جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

یورپی یونین کے تحفظات، توہین رسالت قانون پرسمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ختم نبوت کے قانون پر سمجھوتا نہیں ہوگا، یورپی یونین کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں جی ایس پی پلس سے متعلق قرارداد کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں یورپی یونین کی قرار داد میں اٹھائے گئے نکات سے متعلق مشاورت کی گئی اور اجلاس کے شرکا کو بریفنگ بھی دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم ہونے سے پاکستان کو تین ارب ڈالر سالانہ کا نقصان ہوسکتا ہے، پورپی یونین سے انسانی آزادیوں کے حقوق، جبری گمشدگیوں کے خاتمے سے متعلق بات ہوئی تھی، بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ پورپی یونین سے اقلیتوں کے تحفظ اور خواتین کے حقوق سمیت 8 معاہدوں پر بات ہوئی تھی, لیکن معاہدے میں مذہب کے حوالے سے کوئی شرط طے نہیں کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں یورپی یونین کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں طے کیا گیا کہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کے قانون اور قادیانیوں کو کافر قرار دینے کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، پاکستان کی ریاست نہ خود اور نہ کسی کو مذہب کے نام پر تشدد کی اجازت دے گی، تمام یورپی یونین کے ممالک سے اس معاملے پر بات کی جائے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کے قانون پر سمجھوتا نہیں ہو گا، اجلاس کی رائے تھی کہ جی ایس پی پلس معاہدے کا توہین رسالت قوانین سے کوئی تعلق نہیں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں جبری گمشدگی، صحافیوں کے تحفظ اور آزادی اظہار کے قوانین جلد پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ قانون ساز کمیٹی سے منظوری لے کر جلد مسودے اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے اور یورپی یونین کے تمام ممالک سے اس معاملے پر بات کی جائے گی، اجلاس میں اتفاق کیا گیاکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

You might also like

Comments are closed.