بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کے پی بلدیاتی انتخابات: شکایات کیلئے کنٹرول روم قائم

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے سلسلے میں شکایات کے اندراج اور انہیں نمٹانے کے لیے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کنٹرول روم مسلسل نتائج کے آنے تک قائم رہے گا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن اور اسپیشل سیکریٹری بھی تمام پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

خیبر پختون خوا میں آج دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کا میدان سج گیا، پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی مقبولیت کا امتحان بھی شروع ہو گیا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ابھی تک کنٹرول روم میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے، سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کے 18 اضلاع میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عوام بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے آئیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، پولنگ پُر امن طور پر جاری ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.