جمعہ18؍شعبان المعظم 1442ھ 2؍اپریل2021ء

ڈسکہ انتخاب کا فیصلہ سلطنت عمرانیہ کے منہ پر طمانچہ ہے: عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کہتے ہیں کہ خادمہ جی! این اے 75 ڈسکہ کا فیصلہ سلطنت عمرانیہ کے منہ پر طمانچہ ہے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان کے ذریعے مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات سے متعلق کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کی اپیل مسترد کر دی جبکہ الیکشن کمیشن کا اس حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ’ووٹ کو عزت دو‘ کا بیانیہ پوری طاقت سے کامیاب ہو رہا ہے، سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں ان ووٹ چوروں کے نام اور سزا بھی بتائے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میں نے تو پہلے دن ہی فردوس امجد کے کارنامے سے آگاہ کر دیا تھا، ویسے مجھے ہتکِ عزت کا نوٹس اب تک کیوں نہیں بھجوایا باجی نے؟

انہوں نے مزید کہا کہ اسجد ملہی، فردوس امجد اور عثمان ڈار الیکشن کمیشن کے بعد سپریم کورٹ سے بھی ذلیل و خوار ہوئے ہیں۔

نون لیگی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ آج الیکشن کمیشن کے بعد سپریم کورٹ نے بھی اس حکومت کو سرٹیفائیڈ ووٹ چور ثابت کر دیا ہے، ووٹ چوروں کا ٹولہ ہر فورم پر ذلت اور رسوائی کا سامنا کر رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.