مسلم لیگ (ق) کے قائد چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم مصیبت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، نا ممکن کو ممکن کر دکھانا پاکستانی قوم کا شیوہ ہے۔
چوہدری شجاعت حسین، پرویزالٰہی نے یوم پاکستان پر جاری پیغام میں کہا کہ آج کا دن قائد اعظم اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ہے، 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا سنہرا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کےافکار، قائد اعظم کے فرمودات کی طرف رجوع کرنےکی ضرورت ہے، بحیثیت قوم پاکستان کے موجودہ چیلنج کو سمجھتے ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ کشمیری غیرانسانی لاک ڈاؤن میں گزشتہ کئی سالوں سے زندگی بسر کر رہے ہیں، کشمیری بھائیوں کویقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی قوم شانہ بشانہ آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات کو بھلا کر مشترکہ لائحہ عمل اپنا ہوگا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کا دن قومی جذبوں کی تعمیر اور خوابوں کی تعبیر کا دن تھا، قومی یکجہتی کودہشت گردی،انتہا پسندی، غربت اور کمزور معیشت کے ہاتھوں خطرات لاحق ہیں، ملک پر جب بھی مشکل وقت آیا ہمارے دفاعی ادارے ملکی سیاسی قیادت کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کا مقصد ارض پاک کو ایک اسلامی جمہوری اور فلاحی ریاست بنانا تھا، پاکستانی قوم کسی بھی مشکل اور کسی بھی مصیبت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔
Comments are closed.