نو منتخب وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی نے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران نو منتخب وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے یہ بات کہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں تماشہ لگایا گیا،پاکستان تحریکِ انصاف کے گورنر نے ہائی کورٹ کے فیصلوں کا مذاق اڑایا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، میں مسلم لیگ ن کا کارکن ہوں ، پنجاب ایک مہینے سے آئینی بحران کا شکار تھا۔
اس سے قبل نو منتخب وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز وزیرِ اعلیٰ آفس پہنچے، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ حمزہ شہباز کو پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی،انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
وزیرِ اعلیٰ حمزہ شہباز نے وزیرِ اعلیٰ آفس کے افسروں اور عملے سے ملاقات کی اور انہیں محنت سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔
حمزہ شہباز نے ان سے گفتگو میں کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کو مربوط انداز میں فرائض انجام دینا ہوں گے، عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ وقت محنت کر کے عوام کو ڈیلیور کرنے کا ہے، عام آدمی کی زندگیوں میں آسانی کے لیے نئے عزم اور جذبے سے کام کرنا ہو گا۔
Comments are closed.