بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

وفاقی کابینہ کی ذرائع سے خبروں کی ممانعت، ایمنڈ کی پیمرا ایڈوائس کی مخالفت

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹر اور نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے وفاقی کابینہ کی ذرائع سے خبروں کی ممانعت کی پیمرا ایڈوائس کی مخالفت کردی۔

ایمنڈ اعلامیے کے مطابق ہم پیمرا ایڈوائس کی پرزور مخالفت کرتے ہیں، وفاقی کابینہ سے متعلق عوامی دلچسپی کی خبروں کی آزادی ہونی چاہیے۔

اعلامیے میں مزید کہا کہ سرکاری حلقے کابینہ فیصلوں پر خاموش ہوں تو رپورٹنگ روکی نہیں جاسکتی، عوامی دلچسپی کے معاملات کی رپورٹنگ میڈیا کی ذمہ داری ہے۔

ایمنڈ نے یہ بھی کہا کہ اکثر سینئر حکومتی اہلکار نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر معلومات دیتے ہیں، وفاقی حکومت خبر کی تردید یا وضاحت کا حق رکھتی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پیمرا نوٹس میڈیا کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے، پیمرا ایڈوائس کا مقصد لوگوں کو معلومات کےحق سے محروم رکھنا ہے۔

ایمنڈ کے مطابق پاکستان کا آئین میڈیا کو آزادی کا حق دیتا ہے، پیمرا خودمختار ریگولیٹر کے بجائے سینسرشپ کا آلہ کار بنا ہوا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ میڈیا اپنی آزادی پر کسی بھی پابندی کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کرے گا، پیمرا کی ایڈوائس ناقابل قبول ہے جس کی ہر صورت مخالفت کی جائے گی۔

ایمنڈ کے مطابق صحافتی یونینز، میڈیا ادارے سینسرشپ کے خلاف مشترکہ جدوجہد کریں گے، آئین کے تحت حاصل آزادی پر سوچے سمجھے اقدام سے قدغن لگائی جارہی ہے۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اور وزارت اطلاعات پیمرا کے سینسرشپ اقدام کا فوری نوٹس لیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.