بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

وزیراعظم نے سینئر پارٹی رہنماؤں کااجلاس بنی گالہ میں طلب کرلیا

وزیراعظم عمران خان نے سینئر پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بنی گالہ میں طلب کرلیا، اجلاس میں وفاقی وزراء پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری و دیگر شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی جائےگی، اجلاس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، کچھ نہیں ہوگا، یہ سازش بھی بے نقاب ہوجائے گی۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنجاب میں گروپ بندی سے متعلق امور زیر غور آئیں گے، جبکہ وزیراعظم کے کل دورہ لاہور سے متعلق بھی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

وزیر اعظم تحریک عدم اعتماد سمیت مجموعی سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں بلوچستان عوامی پارٹی اور پی ٹی آئی کے اراکین شامل ہوں گے، وزیر اعظم کی رضا نصر اللّٰہ گھمن، فیض الحسن شاہ، جان محمد جمالی سمیت دیگر ارکان سے ملاقاتیں ہوں گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مرکز کے ساتھ پنجاب میں بھی سرگرم ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کل دورہ لاہور متوقع ہے، جہاں وہ گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی سے بھی ملیں گے، وزیراعظم عدم اعتماد سے متعلق اراکین اور پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.