جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

مہنگائی میں 1 اعشاریہ 16 فیصد اضافہ، رواں ہفتے 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں

رواں ہفتے 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیے۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مہنگائی میں 1 اعشاریہ16 فیصد اضافہ ہوا۔ اس اضافے کے ساتھ ہی سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 42 اعشاریہ 68 فیصد ہوچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس ہفتے 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 14 میں کمی جبکہ 22 میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق پیاز 8 اعشاریہ 4 فیصد، انڈے 2 اعشاریہ 5، بجلی 2 فیصد اور دال مونگ ایک فیصد مہنگی ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز 12 روپے اضافے سے 160 روپے کلو ہوگئی۔ اس دوران انڈے 9 روپے درجن مہنگے ہوکر 344 روپے تک پہنچ گئے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق دال مسور 3 روپے اضافے کے بعد 281 جبکہ چینی 1 روپیہ فی کلو مہنگی ہوکر 135 روپے کلو ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق اس ہفتے میں چینی، دال مسور اور کیلے بھی مہنگے ہوئے جبکہ ٹماٹر 9 اعشاریہ 8 فیصد، آلو 4 اعشاریہ3 اور مرغی 3 فیصد سستی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر 11 روپے کمی کے ساتھ 118 ، آلو 5 روپے کمی کے ساتھ 100 اور زندہ مرغی 10 روپے کمی کے ساتھ 348 روپے کلو ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق چائے کی پتی 2 اعشاریہ 6 فیصد، ڈیزل 2 اعشاریہ3 فیصد اور چاول 2 فیصد سستے ہوئے۔ گھی، کوکنگ آئل، آٹا، دال اور چنے کی قیمت میں بھی معمولی کمی سامنے آئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.