اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ لگتا ہے آئندہ حج بھی ریگولر انداز کا نہیں ہوگا ، سعودی حکومت نے حج 2021 انتظامات کے حوالے سے ہمیں انتظار کا کہا ہے جبکہ ہم حج کے حوالے سے عوام کی تشویش سے آگاہ ہیں۔
وفاقی تعلیمی بورڈ میں مدارس کی اسناد تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نور الحق قادری کا کہناتھا کہ ہم حج 2021 کے حوالے سے عوام کی تشویش سے آگاہ ہیں اور سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، لگتا ہے اس مرتبہ بھی ریگولر حج نہ ہو سکے لیکن اس بار شاید تعداد حاجیوں کی پچھلی مرتبہ سے زیادہ ہوگی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہناتھا کہ ہمیں سعودی حکام نے کہا ہے کہ ابھی حاجیوں سے درخواستیں نہ لیں جب تک تعداد ہمارے سامنے نہیں آتی اس وقت تک ایئر لائنز سے بات کرنے کا فائدہ نہیں ہے جبکہ سعودی حکام سے ابھی تک حج کے حوالے سے ایم او یو سائن نہیں ہوا۔
دوسری جانب ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی آدمی ہیں لیکن ہر چیز کو سیاست کی بھینٹ چڑھاتے ہیں جبکہ عمران خان کی سیاسی پیشنگوئیاں حقیقت بن کر سامنے آ رہی ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہناتھا کہ اوپن بیلٹنگ سے سینٹ انتخابات اسی لئے ہیں ، سیاسی فضا اب گرم ہونے کی بجائے ٹھنڈی ہو رہی ہے جبکہ پی ڈی ایم کے غبارے سےہوا نکل رہی ہے اور تحریک لبیک کی 16 فروری کو احتجاجی کال کے بارے انہوں نے کہا کہ معاملہ حل کر لیا جائے گا ، ہم افہام و تفہیم سے آگے چلیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ ملا اور حکومت کے درمیان خلیج کو ختم کیا جارہا ہے جبکہ وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ہم نے ریاست اور مدارس کے درمیان خلیج ختم کی اور تقریب میں مدارس دینیہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
Comments are closed.