بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سینیٹ الیکشن میں گیلانی کی کامیابی کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست مسترد کردی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی زیرِ صدارت یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت پر وکلا نے اپنے اپنے دلائل مکمل کیے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی نواز کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے خارج کردی۔

عدالت نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ کا کیس الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے پہلے اسی فورم کو استعمال کریں۔ علی نواز صاحب آپ اچھے اور قابل صلاحیت عوامی نمائندے ہیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ ایسی درخواستیں یہاں کیوں لے کر آتے ہیں؟ اس موقع پر یہ رٹ قابل سماعت نہیں، غیرضروری طور پر عدالتوں کو سیاسی معاملات میں لانا ٹھیک نہیں۔

سینیٹ الیکشن 2021 میں یوست رضا گیلانی نے اسلام آباد کی نشست پر حکومتی امیدوار وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو شکست دی تھی جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے یہ الزام لگایا گیا کہ اپوزیشن نے ہمارے اراکین کو خریدا۔

 

You might also like

Comments are closed.