جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

سندھ ہائیکورٹ کا ماڈرن ڈیوائسز کی مدد سے لاپتہ افراد کا سراغ لگانے کا حکم

 سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں آئی جی سندھ، محکمۂ داخلہ سندھ، وفاقی حکومت اور دیگر سے 15 دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں 15 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپھوٹو نے کہا کہ آئی جی سندھ کو بتائیں لاپتہ افراد کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی افسران کے غیر ضروری تبادلے نہ کریں، جدید دور میں روایتی طریقے کار کے بجائے ماڈرن ڈیوائسز کی مدد سے لاپتہ افراد کا سراغ لگائیں، آج کل ماڈرن ڈیوائسز کا دور ہے ہر طرح سے جائزہ لیا جا سکتا ہے، لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ برسوں سے عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔

تفتیشی افسران نے عدالت کو بتایا کہ لاپتہ شہری مشتاق کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا اور اس کی ذاتی دشمنی بھی تھی، جب شہری غائب ہوا تو ایم کیو ایم، ایم کیو ایم حقیقی اور لیاری گینگ وار میں لڑائی چل رہی تھی، مشتاق پر مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج تھے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ابھی تو تلاش کریں، ایف آئی اے سے ٹریول ہسٹری لیں، معلوم کریں کہاں گیا؟

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.