
جیولرز اینڈ جیم ٹریڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین حنیف موتی والا نے کہا ہے کہ 17 فیصد ٹیکس جیولرز کا معاشی قتل ہے، یہ واپس لیا جائے۔
حنیف موتی والا کی زیر صدارت جیولرز اینڈ جیم ٹریڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے تمام شہروں کے علاقائی ایسوسی ایشنز کے تمام عہدیداروں نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر اجلاس نے حکومت کی جانب سے جیولرز پر 17 فیصد ٹیکس کو مسترد کردیا۔
اس موقع پر چیئرمین حنیف موتی والا نے اجلاس کی جانب سے کہا کہ 17 فیصد ٹیکس دراصل جیولرز برادری کا معاشی قتل ہے، جس سے یہ کاروبار تباہ ہوجائے گا اور ہزاروں خاندان بیروزگار ہوجائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لہٰذا یہ نمائندہ اجلاس وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ جیولری پر سے یہ 17 فیصد سیلز ٹیکس فوری واپس لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے یہ سیلز ٹیکس واپس نہ لیا تو 15 مارچ کو کراچی میں پریس کانفرنس کی جائے گی جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
Comments are closed.