سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ میں ہمیشہ اخلاقیات کی بات کرتا ہوں اور اخلاقیات یہ کہتی ہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کو حکومت کے ساتھ ہی چلے جانا چاہیے تھا، اب مجھے نہیں علم وہ اب تک کیوں نہیں گئے۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کے بلاوجہ خلاف نہیں ہوں، ہم سب آپس میں کولیگ ہیں، چند سو ہم کرکٹرز ہیں، معاشرے میں ہماری عزت ہے، لوگ ہماری بات سنتے ہیں جب ایسا ہے تو ہمیں اخلاقیات بھی دکھانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کو اب تک اخلاقی طور پر چھوڑ دینا چاہیے تھا، رمیز راجا پچھلی حکومت کے نمائندہ تھے ان کی تعریف اور ان کی بات کرتے تھے، جب حکومت چلی گئی تو انہیں بھی چلے جانا چاہیے تھا۔
سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا کہ آپ چاہے کسی کے کتنا ہی قریب کیوں نہ ہوں آپ کو حق پر بات کرنی چاہیے، جب بھی کوئی چئیرمین آیا ہم نے ہمیشہ اسپورٹ کیا ہے کہ اچھا کام ہوگا۔ احسان مانی آئے ہم نے انتطار کیا کہ وہ اچھا کام کریں گے لیکن احسان مانی اور وسیم خان تین سالوں میں پاکستان کرکٹ کو بہت نیچے لے کر گئے اور نیچے جانے کی وجہ بورڈ میں بیٹھے لوگ ہی ہوں گے ، رمیز راجا نے پچھلے بورڈ کی نہ کسی پالیسی کو چھیڑا ہے نہ کسی بندے کو نکالا ہے، بڑی بڑی تنخواہوں والے بورڈ میں بیٹھے ہیں اور کام کچھ نہیں۔
عاقب جاوید نے کہا کہ میں دوستی میں نہ کسی کی تعریف کرتا ہوں نہ دشمنی میں خلاف بولتا ہوں جو بات حق سچ ہو وہ کرتا ہوں، اب جونئیر کرکٹ لیگ کرانے کی بات ہو رہی ہے میں سمجھتا ہوں کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے جونئیر کی سطح پر طویل دورانیئے کی کرکٹ کھیلنی چاہیے، ہم آسٹریلیا آسٹریلیا کرتے ہیں، پھر ہمیں ان کی عادات بھی اپنانی چاہیئں، چھ ٹیمیں بنانے سے کوئی آسٹریلیا تو نہیں بن سکتا۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ آسڑیلیا کی سب سے بہتر چیز جونئیر کی سطح پر دو روزہ کرکٹ ہے جونئیر لیگ کی کوئی منطق نہیں، اس کی جگہ ویمن لیگ کو عملی جامہ پہنائیں، ویمن کرکٹرز کا پول بڑھائیں اور سکرین پر کوالٹی لائیں، اور کوالٹی اس وقت اچھی ہوگی جب ویمن کرکٹ کا معیار بڑھے گا۔
عاقب جاوید نے مزید کہا کہ ویمن لیگ کو پی ایس ایل کی طرز پر لانچ مت کریں، پہلےچار ٹیموں کا ٹورنامنٹ کرائیں، ایک دو سال اسی طرح ہونے دیں، اس سے معیار بڑھے گا پول بڑھے گا پھر بھرپور ویمن لیگ کرائیں تو اس سے اسکرین کی کوالٹی بڑھے گی دیکھنے میں کرکٹ اچھی لگے گی۔
Comments are closed.