پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیائی خطے کے امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
اقوام متحدہ میں امن و سلامتی مباحثہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور غذائی قلت جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ایک چیلنج ختم ہوتا ہے تو دوسرا سر اٹھا لیتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ غذائی تحفظ کے حوالے سے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ غذائی تحفظ، دیگر عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرسکتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ افغانستان کو انسانی بحران کا مسئلہ درپیش ہے، اس بحران سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوشیں درکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتہا پسندی، دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا، پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، بھارت نے کشمیر میں غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات کیے۔ تنازع کے منصفانہ حل کی ضرورت ہے، جنوبی ایشیائی خطے کے امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متنازع علاقے سے متعلق عالمی قوانین اور قراردادوں کی خلاف ورزی کی گئی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تاریخ میں بھوک اور جنگ کے بھیانک اثرات رہے ہیں، پاکستان عالمی غذائی عدم تحفظ پر بروقت بحث کا خیر مقدم کرتا ہے۔
Comments are closed.