پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف ہر میدان میں لڑ رہےہیں اور شکست دے رہے ہیں، جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہوئے ہیں حکومت کو عبرت ناک شکست ہوئی ہے، پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں بھی کامیاب ہوگی۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت ہر ادارے کو متنازع بنارہی ہے، سینیٹ انتخابات میں کسی کو دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، حکومت جمہوری مقابلہ کرے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ لوگ خوشی خوشی پیپلز پارٹی کےساتھ آرہے ہیں، جمہوریت آئین اور قانون کےمطابق چلتی ہے، سینیٹ انتخابات متنازع بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سینیٹ الیکشن کی وجہ سے بہت پریشان ہے، 2018کے انتخابات میں بدترین دھاندلی ہورہی تھی، اصغر خان کیس آج تک زیر التوا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ہر سینیٹ الیکشن کیلئے تیار ہیں، آپ اپنی تیاری پکڑیں، آپ اپنی تیاری کریں، مارچ میں مارچ ہوگا۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ کراچی کی سیٹ نکال کر بنی گالاکی نیندیں حرام کردی ہیں، پی ایس 88 نے ثابت کردیا یہ شہر بھٹو کا ہے، ہم اس حکومت کے خلاف ہر میدان میں لڑ رہے ہیں اور شکست دے رہے ہیں، یہ سوچ رہے تھے اپوزیشن الیکشن کا بائیکاٹ کرے گی اور ان کا کام آسان ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جو کارڈ کھیلا اس سے یہ پریشان ہیں، پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں سندھ، پنجاب اور اسلام آباد میں بھی پریشان کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پریشانی میں یہ ادارے کو متنازع بنا رہے ہیں، یہ کسی نا کسی سے سینیٹ میں دھاندلی کروانا چاہتے ہیں، سینیٹ وفاق کی علامت ہے، کسی کو ہمت نہیں ہونی چاہیے کہ سینیٹ میں چور دروازوں سے کسی کو لائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ریفرنس اپنے ہی لوگوں پر عدم اعتماد ہے، پی ٹی آئی ممبرز جانتے ہیں یہ حکومت جانےوالی ہے، یہ خوشی خوشی ہمیں ووٹ دیں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ یہ جمہوریت اور سینیٹ انتخابات کے خلاف سازش کررہے ہیں، ہم سینیٹ الیکشن میں سیکریٹ اور اوپن بیلٹ کے لیے تیار ہیں۔
Comments are closed.