اینا سوروکن نے نیٹ فلکس کو اپنی کہانی بیچ کر تین لاکھ بیس ہزار ڈالر کمائے
سوروکن تین سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے کاٹنے کے بعد اس سال فروری میں ہی ضمانت پر رہا ہوئی ہیں
نیو یارک میں اپنے آپ کو ایک ارب پتی خاندان کی وارث کے طور پر پیش کر کے فراڈ کرنے والی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ جیل سے رہائی کے بعد حاصل ہونے والی ’شہرت‘ کا بھر پور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
جرمن شہری اینا سوروکن نے اپنے آپ کو دنیا کے سامنے جرمنی کے ایک ایسے دولت مند خاندان کی واحد وارث ‘اینا ڈیلوی’ کے طور پر پیش کیا تھا جسے وراثت میں 600 کروڑ ڈالر ملے تھے۔
بی بی سی ٹی وی کے پروگرام نیوز نائٹ میں جب اینا سوروکن سے پوچھا گیا کہ کیا جرائم سے فائدہ ہوتا ہے تو انھوں نے کہا کہ ’ایک طرح سے ہوا ہے‘۔
سوروکن نے ٹی وی کے لیے ڈرامے اور فلمیں بنانے والی بین الاقوامی کمپنی ‘نیٹ فلکس’ کو اپنی کہانی بیچ کر تین لاکھ بیس ہزار ڈالر کمائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں دیگر پیش کشیں بھی ہوئی ہیں۔
سوروکن کو بینکوں، ہوٹل مالکان اور دوستوں سے فراڈ کر کے لاکھوں ڈالر کمانے کے جرم میں جیل بھگتنا پڑی تھی۔
‘اینا ڈیلوی’ کا بھیس اپنا کر انھوں نے جو جعل سازیاں کیں اس کی کہانی جب سنہ 2018 میں نیویارک میگزین میں شائع ہونے پر ‘وائرل’ ہو گئی اور اس میں فلم سازوں اور ٹی وی پروڈیسروں نے بھی دلچسپی لینا شروع کر دی تھی۔
نیٹ فلکس سے ڈیل پر ان کا کہنا ہے کہ ’میں نے نیٹ فلکس سے نہیں کہا تھا کہ وہ میری کہانی خریدیں۔ یہ بس ہوگیا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ‘اور باقی جو کچھ ہوا وہ خود بخود ہوا‘ اور اس میں ان کی کوئی منصوبہ بندی شامل نہیں تھی۔
سوروکن تین سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے کاٹنے کے بعد ۔
یہ بھی پڑھیے
سوروکن نیٹ فلکس سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی اپنے پاس نہیں رکھ سکیں کیوں کہ نیویارک کے قوانین بدنامی یا بری شہرت کو مالی منافع کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
نیٹ فلکس نے پوری طرح قانون کی پیروی کی اور متعلقہ حکام نے سوروکن کے بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا اور پہلے ان لوگوں کو معاوضہ ادا کیا جن سے انھوں نے فراڈ کیا تھا۔ کم از کم ایک لاکھ ستر ہزار ڈالر بینکوں سے فراڈ کر کے حاصل کی گئی رقوم کی ادائیگیوں پر خرچ کیے گئے ہیں۔
سوروکن نے اپنی 30ویں سالگرہ جیل میں منائی لیکن جب وہ پچیس چھبیس سال کی تھیں تو وہ نیو یارک شہر میں تھیں جہاں انھوں نے لوگوں میں یہ مشہور کر رکھا تھا کہ انہیں چھ کروڑ ڈالر مالیت کے ٹرسٹ فنڈ کی وراثت ملی ہے جسے وہ ‘آرٹ فاونڈیشن’ کے ایک عظیم شان منصوبے پر خرچ کرنا چاہتی ہیں۔
لیکن اصل میں وہ ایک میگزین میں تربیتی بنیادوں پر کام کر رہی تھیں اور ان کا تعلق روس سے ہجرت کر کے جرمنی منقتل ہونے والے ایک عام سے خاندان سے تھا۔
مہنگے ترین ہوٹلوں میں قیام کر کے اور انسٹا گرام پر اپنے آپ کو ایک ایسی امیر کبیر خاتون کے طور پر پیش کر کے جو ہر وقت بین الاقوامی سفر پر رہتی ہے، انھوں نے مختلف لوگوں کو پھانس لیا۔
حتیٰ کہ جعلی دستاویز کی بنیاد پر وہ ایک بینک سے ایک لاکھ ڈالر کا قرضہ منظور کرانے میں بھی کامیاب ہو گئیں لیکن آخر کار پولیس اُن تک پہنچ گئی۔
سوروکن کا اب دعویٰ ہے کہ ان کے مقدمے کے دوران استغاثہ نے ان کا ذرائع ابلاغ میں تاثر بنانے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ‘استغاثہ کے وکلا نے میرے جرم کرنے کے ارادوں کو انتہائی غلط رنگ دے کر پیش کیا۔ یہ کہا گیا کہ میں نیویارک میں خود کو ایک دولتمند وارثہ کے طور پر پیش کرتی تھی۔ جو کچھ ہوا وہ قطعی طور پر میرے اور میرے بینکوں کے درمیان تھا۔ انھوں نے مجھے ایک ایسی لڑکی کے طور پر پیش کیا جو پارٹی گرل بننا چاہتی ہے جبکہ میرا کبھی بھی ایسا کوئی ہدف نہیں تھا۔’
اینا سوروکن نے جو اپنا تعارف اینا ڈیلوی کے طور پر کراتی تھی، 220 کروڑ ڈالر کا قرضہ لینے کی بھی کوشش کی تھی
گو کہ سوروکن کو پرتعیش ہوٹلوں میں قیام کرنا اور کھانوں کے دوران انتہائی مہنگی شراب پینا پسند تھا لیکن اصل میں ان کی نگاہیں ایک آرٹ فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھنے پر تھیں جس کے لیے انھوں نے دھوکہ سے دو کروڑ بیس لاکھ ڈالر کا قرض بھی حاصل کر لیا تھا۔
اس مقصد کے لیے ایک ‘لنچ پارٹی’ کرنے کے بروشر یا کتابچہ بھی چھپوا لیا تھا جس کے پیسے بھی انہوں نے اس مہنگے ترین ڈیزائنر کو ادا نہیں کیے۔ اس بروشر میں دعویٰ کیا گیا کہ انھیں اس کام میں بہت سی مشہور شخصیات کی مدد حاصل ہے جس میں آنجہانی آرٹسٹ کرسٹو بھی شامل تھے۔ کرسٹو جو گزشتہ سال وفات پا گئے تھے ان کے پبلشرز نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی سختی سے تردید کی۔
سوروکن کا اپنی صفائی میں موقف اس مفروضے پر قائم تھا کہ ‘جب تک ایسے بن نہیں جاتے اس وقت تک ایسا ظاہر کرو۔’ ان کے وکیل نے بتایا کہ عدالت میں سماعت کے وقت پیش ہونے سے پہلے ان کے بال بنانے کے لیے ایک سٹائلسٹ یا بال بنانے کے ماہر کی خدمات حاصل کی گئیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اینا سوروکن کب اینا ڈیلوی بنیں تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے اینا ڈیلوی تھیں۔
اداکارہ جولیا گارنر نے جو نیٹ فلکس کی اس فلم میں اینا سوروکن کا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، اینا سے جیل میں ملاقات کی تھی
‘دوسروں نے مجھے دھوکے باز اور جعل ساز بنا کر پیش کیا جو کہ میں سمجھتی ہوں کہ میں کبھی نہیں تھی۔ میں کبھی بھی لوگوں سے بہت زیادہ اچھی بن کر نہیں ملتی تھی۔ میں نے کبھی بھی کس کو باتوں میں الجھا کر اپنا کام نکالنے کی کوشش نہیں کی۔ میں صرف لوگوں سے کہتی تھی کہ مجھے یہ چاہیے اور وہ مجھے دے دیتے تھے یا پھر میں آگے بڑھ جاتی تھی۔’
سوروکن کو چار عدالتوں میں چوری، تین عدالتوں میں غیر قانونی قبضہ اور ایک عدالت نے سنہ 2019 میں غیر قانونی قبضہ کرنے کی کوشش کرنے پر مجرم قرار دیا۔ ان کو دو الزامات میں بری کر دیا گیا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ جب سے وہ رہا ہوئی ہیں ان کو ذرائع ابلاغ کے اداروں کی طرف سے بے شمار درخواستیں کی جا رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے اب اپنا فلم ساز رکھ لیا ہے جو اس سارے قصے کو کنٹرول کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ وہ ایک کتاب لکھ رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں ‘میرے اپنے نان فنجیبل ٹوکن ہیں جو کرپٹو کرنسی میں استعمال ہوتے ہیں، لباس بنانے کا اپنا برینڈ ہے اور میں جیل میں اصلاحات پر کام کر رہی ہوں۔’
وہ کہتی ہیں کہ انھیں جو توجہ حاصل ہو رہی ہے وہ اسے مثبت طریقے سے استعمال کرنا چاہتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک جعلساز یا پھروپیہ ہونے کی شہرت کو اپنے لیے کوئی اعزاز کی بات نہیں سمجھتیں۔
تاہم سوشل میڈیا پر وہ اپنی یہ شہرت چھپا بھی نہیں رہیں۔ پچھلے ہفتے انھوں نے ایک ٹوئٹر پیغام میں ایسی بہت سے کتابوں کے عکس پوسٹ کیے جن کا عنوان دولت اور جعل سازی تھا اور ان میں ‘ڈن آف تھیوز’ اور’ دی بگیسٹ بلف’ نامی کتابیں بھی شامل تھیں۔
گو کہ پہلے وہ ندامت کا اظہار کر چکی ہیں لیکن اب وہ کہتی ہیں یہ لفظ درست نہیں ہے، کیونکہ اس میں غم کا پہلو بھی جھلکتا ہے اور جو کچھ انھوں نے کیا وہ اس پر غمگین نہیں ہیں بس وہ وہ سب کچھ دوبارہ نہیں کریں گی۔
ان کے وکیل نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ ایک اپیل دائر کرنے کا سوچ رہی ہیں تاکہ کہیں انھیں امریکہ بدر کر کے جرمنی نہ بھیج دیا جائے۔
سوروکن کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ میں رہنے کی کوشش کریں گی۔
Comments are closed.