وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پہلے بھی اس مافیا کا مقابلہ کیا اب بھی کروں گا، تحریکِ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس ختم ہو گیا، جس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، فواد چوہدری، فرخ حبیب، دیگر رہنماؤں اور قانونی ٹیم نے شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں آئندہ کی حکمتِ عملی طے کر لی گئی، تحریکِ عدم اعتماد سے نمٹنے سے متعلق مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سینئر رہنماؤں نے موجودہ صورتِ حال سے نمٹنے کی تجاویز دیں، تحریکِ عدم اعتماد کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اتحادیوں کی جانب سے کرائی گئی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ میں ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں، پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر قابو پا لیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم نے اجلاس میں یہ بھی کہا کہ تمام ارکان میرا ساتھ دیں گے، پریشانی کی کوئی بات نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سینئر رہنما نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنائیں گے۔
وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکلنے والی ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن کے کئی ارکان ہمارا ساتھ دیں گے، ہم نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، اپوزیشن کو کچھ دن خوش ہو لینے دیں، اسے سرپرائز دیں گے۔
Comments are closed.